مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا عشرہ سیدنا عمر فاروقِ اعظم منانے کا اعلان

28 ذوالحجہ تا 8 محرم سیرت و کردارِ سیدنا عمر کو نوجوان نسل تک پہنچانے کا عزم

جمعرات 26 جون 2025 14:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی کے ناظم فیضان قریشی نے اعلان کیا ہے کہ ایم ایس او کراچی 28 ذوالحجہ سے 8 محرم الحرام تک "عشرہ سیدنا فاروقِ اعظم" کے عنوان سے ملک گیر مہم منائے گی۔ اس مہم کا مقصد نوجوان نسل کو سیدنا عمر بن خطاب کے سنہری دورِ خلافت، عدل و انصاف، انتظامی بصیرت، اور اسلامی خدمات سے روشناس کرانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم محرم الحرام سیدنا عمر فاروق کا یوم شہادت ہے، جو امت مسلمہ کے لیے عظیم المیہ اور ایک بیداری کا دن ہے۔ اس موقع پر مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جامعات، کالجز، مدارس اور محلہ جاتی سطح پر سیرت سیمینارز، فکری نشستیں، لٹریچر کی تقسیم، اور سوشل میڈیا کمپینز کے ذریعے حضرت عمر فاروق کے کردار کو اجاگر کرے گی۔

(جاری ہے)

ناظم کراچی ایم ایس او نے تمام کارکنان اور وابستگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اپنی تنظیمی سطح پر عشرہ فاروقی کو بھرپور طریقے سے منائیں اور سیدنا عمر کی سیرت کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں تک پہنچائیں۔انہوں نے کہا کہ سیدنا عمر فاروق کی شخصیت آج کے حکمرانوں، طلبہ اور معاشرے کے ہر فرد کے لیے مشعل راہ ہے۔ ان کا عدل، جرت، دیانت اور فلاحی حکمرانی کا نظام آج بھی اسلامی دنیا کے لیے نمونہ ہے۔