وزیراعلی مریم نواز کے ’’ایکو فرینڈلی پنجاب ویژن‘‘کو آگے بڑھانے کا فیصلہ

ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کچرے کو توانائی اور دیگر مفید مقاصد کیلئے استعمال کیا جائیگا

جمعرات 26 جون 2025 17:48

وزیراعلی مریم نواز کے ’’ایکو فرینڈلی پنجاب ویژن‘‘کو آگے بڑھانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)وزیراعلی مریم نواز شریف کے ’’ایکو فرینڈلی پنجاب ویژن‘‘کو آگے بڑھانے کے لئے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کچرے کو توانائی اور دیگر مفید مقاصد کیلئے استعمال کیا جائیگا۔ اس بات کا فیصلہ وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے سی ای او بابر صاحب دین نے منصوبے پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ احمر کیفی نے بھی شرکت کی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے اگلے مرحلے میں کچرے سے بائیوگیس بنانے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ لاہور میں لکھو ڈیہر سائٹ کی گیسوں کو مفید کاربن کریڈٹس میں تبدیل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہر روز پیدا ہونے والے کچرے کی تخصیص کر کے اسے دوبارہ قابل استعمال بنایا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے بتایا کہ صوبائی محکمہ توانائی کی مدد سے 50 میگاواٹ کا پلانٹ لگانے پر بھی غور ہو رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کچرے کی ری سائیکلنگ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اپنایا جائے۔ لاہور میں آلائشوں سے توانائی پیدا کرنے کا پائلٹ پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران کچرے سے آمدن پیدا کرنے کے لئے روڈ شو کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ایل ڈبلیو ایم سی کو ویسٹ ٹو انرجی کے بین الاقوامی ماڈلز کا مطالعہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہر روز ہزاروں ٹن کچرا روزانہ جمع ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں ویسٹ کی ری سائیکلنگ سے اربوں ڈالر کمائے جا رہے ہیں۔ ستھرا پنجاب کو حقیقی معنوں میں ماحول دوست منصوبے میں تبدیل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بائیوگیس کی تیاری سے سستی توانائی کا حصول یقینی بنایا جائے گا تاہم ہمارے پیش نظر یہ بات بھی ہے کہ ریونیو میں اضافے کے ساتھ ماحول بھی آلودگی سے زیادہ سے زیادہ پاک ہو۔ وزیر بلدیات نے بابر صاحب دین کو وزیراعلی مریم نواز شریف کے لئے پریذینٹیشن جلد تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ویسٹ کی ری سائیکلنگ کا موثر اور مفید ماڈل اپنایا جائے گا۔