شہر بھر میں حفاظتی انتظامات کے لیے بم دسپوزیبل سکواڈ سمیت 500 رضاکاروں کی ٹیمیں تعینات کردیں،چیف آفیسر سی ڈی ڈی کی ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو

جمعرات 26 جون 2025 18:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) محکمہ شہری دفاع راولپنڈی کے چیف آفیسر طالب حسین نے کہا ہےکہ محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے شہر بھر میں بم ڈسپوزیبل سکواڈ سمیت 500 رضاکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں،جلوس و مجالس کے داخلی و خارجی راستوں ،واک تھروگیٹ کے علاوہ تمام آنے والے شہریوں کی جامعہ تلاشی کے لیے رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے-جمعرات کو’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے طالب حسین نے بتایا کہ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے سول ڈیفنس کے جوانوں کا ہمیشہ کلیدی کردار رہا ہے اور محرم الحرام کے جلوس و مجالس میں ہر سال کی طرح تمام رضا کار یونیفارم اور سفید پرچار میں ہوں گے جبکہ بم ڈسپوزیبل سکواڈ کی ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو جلوس کے دونوں اطراف تعینات ہوں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کاروائی کی جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ شہری دفاع کے رضاکار ضلع راولپنڈی و ملحقہ تحصیلوں میں تمام مرکزی جلوسوں کے شروع سے اختتام تک تعینات ہوں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح محکمہ شہری دفاع کے رضا کار شہریوں کے جان مال کا تحفظ کے لئے انتہائی جذبہ سے اپنی فرائض سر انجام دیں گے اور تمام رضا کار اعلیٰ افسران کی نگرانی میں کام کریں گے جس کے لئے دو کنٹرول روم بنائے گئے ہیں جہاں سے نہ صرف تحصیلوں کی نگرانی ہوگی بلکہ کینٹ و شہر کے جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ کی جاسکے گی۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کے علاقہ سیٹلائٹ ٹاؤن ،راجہ بازار اور بوہڑ بازار میں موجود امام بارگاہیں حساس نوعیت کی ہیں جہاں سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی نفری میں بھی اضافہ کیا گیا اور وہاں کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں اس وقت بم دسپوزیبل ٹیموں میں آٹھ ماہرین شامل ہیں جو تربیت یافتہ ہیں اور ان کے ساتھ ٹیکنیکل معاون بھی ہیں جو بہترین تجربہ رکھتے ہیں ۔\395

متعلقہ عنوان :