Live Updates

راجووال، بارش نے تباہی مچادی، چھتیں گرنے سے بچی جاں بحق، سات زخمی

جمعرات 26 جون 2025 19:21

راجووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)بارش کے دوران مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے اور آسمانی بجلی گرنے کے چھ واقعات پیش آئے جن کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت سات افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بستی ریاض آباد میں بانسوں سے بنی چھت گرنے سے پانچ سالہ دعا فاطمہ دختر علی حسن جاں بحق ہو گئی، جبکہ سات سالہ مہوش دختر ساجد علی اور چھ سالہ ارم دختر محمد شیر زخمی ہوئیں۔

اڈہ گیمبر میں چھت گرنے سے ساٹھ سالہ خاتون حنیفاں بی بی زوجہ محمد رانجھا زخمی ہو گئیں۔ شیخ بستی میں کچن کی چھت گرنے کے باعث سولہ سالہ آمنہ دختر عبدالغفور زخمی ہوئی۔ صمد پورہ میں چھت گرنے سے بیالیس سالہ مہوش زوجہ محمود اور حجرہ شاہ مقیم اٹاری روڈ پرگھر کی چھت گرنے سے تیس سالہ ارشد ولد حاکم علی زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ایک واقعہ نواحی گاؤں 28 ٹو آر میں پیش آیا جہاں آسمانی بجلی گرنے سے علی شیر ولد فلک شیر کی کمر اٹھارہ فیصد جھلس گئی۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ ریسکیو حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ برسات کے دوران بجلی کے کھمبوں، ہورڈنگ بورڈز اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات