دالبندین: منشیات کے خلاف عالمی دن پر آگاہی سیمینار اور تیکوانڈو ٹورنامنٹ کا انعقاد

جمعرات 26 جون 2025 22:15

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جون2025ء) منشیات کے خلاف عالمی دن کے موقع پر دالبندین میں ایک روزہ آگاہی سیمینار اور تیکوانڈو ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے دور رکھنا اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا تھا۔یہ تقریب شہید عید محمد نوتیزئی تیکوانڈو اکیڈمی اور سول کلب دالبندین کے اشتراک سے منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سردار حفیظ میرانزئی، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی دالبندین تھے۔ دیگر معزز مہمانوں میں ایکسائز آفیسر چاغی محمد قاسم نوتیزئی، انجمن تاجران کے صدر ٹکری نور احمد ساسولی، تیکوانڈو کوچ میر فیروز شاہ نوتیزئی، فیض اللہ عابد، بابائے چاغی کے ترجمان اجمل نوتیزئی، فٹبال کوچ عبدالواحد، ایکسائز کے آفیسران داد، علی محمد نوتیزئی، شیر علی سمالانی، فیض اللہ نوتیزئی، سماجی رہنما موسی خان ہمدرد اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے منشیات کو ایک معاشرتی ناسور قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لعنت نہ صرف فردِ واحد کو، بلکہ پورے معاشرے کو متاثر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی مہلک عادتوں سے بچانے کے لیے صرف قانون کافی نہیں، بلکہ کھیل، تعلیم اور آگاہی جیسے مثبت ذرائع کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔مقررین نے زور دیا کہ تیکوانڈو جیسے کھیل نوجوانوں میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، ضبطِ نفس اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں، جو انہیں منشیات سے بچانے میں مثر کردار ادا کرتے ہیں۔

سیمینار کے ساتھ تیکوانڈو ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں نوجوان کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں شاندار مقابلوں کا مظاہرہ کیا۔ ٹورنامنٹ میں جیوری کے فرائض صفی اللہ ریکی، بصیر احمد عادل اور احمد شاہ سنجرانی نے سر انجام دیے، جبکہ ریفری کے فرائض مولا عبد الحق نوتیزئی، ملک اسلم نوتیزئی، ابرار احمد اور زبیر بلوچ نے ادا کیے۔

پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جبکہ شرکا نے بھرپور نظم و ضبط اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں نے تیکوانڈو کے فن کا شاندار مظاہرہ پیش کیا اور نمایاں کارکردگی پر انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے سردار حفیظ میرانزئی، محمد قاسم نوتیزئی، اور دلاور خان تیکوانڈو اکیڈمی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ایسے اقدامات دالبندین کو منشیات سے پاک معاشرہ بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔