سرگودھا،محرم کے پُرامن انعقاد کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک، سیکیورٹی وسہولیات سے متعلق اہم فیصلے

جمعرات 26 جون 2025 19:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کی زیر صدارت محرم الحرام کے پُرامن اور منظم انعقاد کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) فہد محمود ، ایس ای فیسکو ابرار احمد خان سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔

اجلاس میں عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی، صفائی، بجلی، نکاسی آب، صحت، ایمرجنسی اور دیگر شہری سہولیات سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تیاری مکمل کریں اور عاشورہ کے ایام میں ہر ممکن سہولت کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ تمام محکموں کے افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ انتظامی مشینری مکمل طور پر متحرک رہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی کے بہترین انتظامات، بجلی کی لٹکتی تاروں کی مرمت، سٹریٹ لائٹس کی فعالیت اور خطرے سے آگاہی کے اسٹیکرز کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ صحت کو فوری طور پر کنٹیجنسی پلان جمع کروانے اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں 30 فیصد بستر خالی رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ فیسکو کو جلوسوں کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی تاکید کی گئی جبکہ ریسکیو 1122 کو ہدایت دی گئی کہ وہ نجی ایمبولینسز کو پیشگی اجازت نامے جاری کرے تاکہ ایمرجنسی صورتِ حال سے نمٹا جا سکے۔

سول ڈیفنس کو لنگر و سبیلوں کے معیار کی نگرانی، صفائی کے اصولوں پر عملدرآمد اور جلوسوں کے روٹس پر بند گیس سلنڈرز کی دکانوں اور ہوٹلز وغیرہ پر بھرے سلنڈرز رکھنے پر پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔