سیالکوٹ میں بین الاقوامی دن برائے انسداد منشیات کے موقع پر آگاہی تقریب کا انعقاد

جمعرات 26 جون 2025 19:50

سیالکوٹ ،26 جون (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) سیالکوٹ میں بین الاقوامی دن برائے انسداد منشیات کے موقع پر آگاہی تقریب کا انعقاد ہوا ۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف فرد کی جسمانی اور ذہنی صحت کو تباہ کرتا ہے بلکہ یہ خاندان، معاشرہ اور پورے ملک کے مستقبل کے لیے ایک خاموش قاتل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں منشیات کے خلاف صرف قانون سے نہیں بلکہ شعور، تعلیم، محبت ، سماجی ذمے داری سے لڑنا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کا دائرہ کار اب صرف نشے تک محدود نہیں بلکہ یہ منظم جرائم، تشدد اور معاشرتی ٹوٹ پھوٹ سے بھی جڑا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں، گھروں اور سوشل میڈیا پر والدین، اساتذہ اور رہنماؤں کو چاہیے کہ نوجوان نسل کی تربیت اس انداز میں کریں کہ وہ منشیات جیسی لعنت سے دور رہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ حکومت کی سطح پر منشیات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں ، لیکن اس سے بھی زیادہ ضروری ہے کہ ہم بطور قوم ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔اس موقع پر انہوں نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال اور سجاد میموریل سپورٹس کمپلیکس کوبےچک کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں عوامی فلاحی منصوبے منشیات سے پاک، صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم سنگ میل ثابت ہو رہےہیں۔

اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ صحت مند سرگرمیوں، کھیل، تعلیم، اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ان کے دل و دماغ کو مثبت مصروفیت میسر آ سکے۔ تقریب کے آخر میں شرکاء نے منشیات کے خلاف اجتماعی عزم کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔