پہلا شہداء ہزارہ پولیس سپورٹس کمپٹیشن اختتام پذیر، ڈی آئی جی پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی اور شہداء کی فیملیز کی بطور مہمان خصوصی شرکت

جمعرات 26 جون 2025 19:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2025ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ناصر محمود ستی نے پہلے شہدائے ہزارہ پولیس سپورٹس کمپٹیشن کے اختتام پر منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر شہید ہیڈ کانسٹیبل شبیر خان ایبٹ آباد، شہید کانسٹیبل محمد خالدضلع مانسہرہ اور شہیدکانسٹیبل اصغر جہانگیر ضلع ہری پورکی فیملیز نے بھی اس اختتامی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے ڈی آئی جی ہزارہ کا استقبال کیا۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر اس سپورٹس کمپٹیشن کو بہتر انداز سے منعقد کرنے پر ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل، ایس ایس پی اشتیاق خان و دیگر پولیس افسران جوانوں اور بہترین مقابلے کے بعدونر اور رنر ٹیموں کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور ان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس مقابلوں میں حصہ لینے سے ان کی صحت اور صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے، اس سپورٹس ایونٹ کے انعقاد سے پولیس افسران وجوانوں کی جسمانی صلاحیتوں کیساتھ ساتھ پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی بہتری آئے گی، ہزارہ پولیس اس طرح کے مزیدسپورٹس ٹورنامنٹس کے انعقاد کو یقینی بنائیں گی۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ہزارہ نے کرکٹ، والی بال، بیڈمنٹن اور فٹ بال کے مقابلوں میں ونر،رنر ٹیموں اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں ٹرافیاں و میڈل تقسیم کیے۔ بعد ازاں ڈی آئی جی ہزارہ نے تقریب میں شریک شہداء کی فیملیز سے بھی ملاقات کی اور بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سپورٹس ایونٹ ہم نے اپنے شہداء کی یاد میں منعقد کیا اور اس کے ہر میچ کے مہمان خصوصی بھی شہداء کی فیملیز تھی، ہمارے شہداء ہماری فورس کا حصہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے ،شہداء کی فیملیز ہمیشہ پولیس کے ہر خاص موقع پر ہمارے ساتھ ہوں گی۔