Live Updates

عمران خان قید میں ہے لیکن جعلی حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہے

بانی اگر قید سے باہر آ گیا تو ان بےچاروں کا کیا حال ہوگا؟ جعلی حکمران شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 26 جون 2025 22:59

عمران خان قید میں ہے لیکن جعلی حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہے
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون 2025ء) مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ عمران خان قید میں ہے لیکن جعلی حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہے، بانی اگر قید سے باہر آ گیا تو ان بےچاروں کا کیا حال ہوگا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندۂ تعبیر نہیں ہوگا۔ جعلی حکومت نے کب سے پورے ملک کو داؤ پر لگا رکھا ہے، مگر پھر بھی عمران خان کو مائنس نہیں کرسکی، آئین، قانون اور انصاف کا جنازہ نکالنے کے باوجود بھی عمران خان کو مائنس کرنے میں ناکام رہے، اب جعلی وفاقی اور پنجاب حکومتیں، مائنس عمران خان  کا گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہی ہیں، تحریک انصاف کے بعض کارکنان بھی غیر دانستہ طور پر اس منفی مہم کی زد میں آگئے ہیں، مخالفین دل بہلانے کے لیے جو چاہیں کر لیں، مگر حقیقت سے  چشم پوشی نہ کریں۔

(جاری ہے)

بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام عمران خان کو مائنس کرنے کے بجائے  پلس کر رہے ہیں، گمراہ کن افواہیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ جعلی حکمران  قیدی نمبر804 سے کس قدر خوفزدہ ہیں، قید میں ہونے کے باوجود عمران خان جعلی حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہے، اگر وہ قید سے باہر آ گیا تو ان بے چاروں کا کیا حال ہوگا؟ جعلی حکمران عمران خان کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر نے جیونیوز پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اداروں اور اسٹیبلشمنٹ سے گلہ ہے ، مجھے ووٹ اینٹی اسٹیبلشمنٹ ملا ہے۔ جب بیرسٹر سیف ترجمان ہوگا تو پھر اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوا، پتا کرلیں کہ کے پی جن افسران نے ہمارا مینڈیٹ چوری کیا وہ کس پوزیشن پر ہیں؟ 26ویں ترمیم کے بعد کنٹرولڈججز ہیں، عمران خان کی رہائی کیلئے ریاستی اداروں سے کوئی امید نہیں،پی ٹی آئی کے پاس پہلا اور آخری آپشن احتجاج ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات