محرم الحرام کا چاند نظر آگیا

1447 ہجری کا آغاز 27 جون بروز جمعہ سے ہو گا، یوم عاشور 6 جولائی بروز اتوار کو ہو گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 جون 2025 20:47

محرم الحرام کا چاند نظر آگیا
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جون 2025ء ) محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، 1447 ہجری کا آغاز 27 جون بروز جمعہ سے ہو گا، یوم عاشور 6 جولائی بروز اتوار کو ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں ہونے والے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد نئے ہجری سال کے آغاز سے متعلق اعلان کر دیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی جانب سے بتایا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں، لہذا ملک میں یکم محرم الحرام 1447 ہجری 27 جون بروز جمعہ کو ہو گی، جبکہ یوم عاشور 6 جولائی بروز اتوار کو ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز محرم الحرام کے چاند کی پیدائش ہو گئی تھی۔ محرم الحرام کے چاند کی پیدائش ہو جانے کے بعد نئی ہجری سال کا آغاز ہو گیا تھا، تاہم محرم الحرام کے چاند کی رویت کا باضابطہ اعلان پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعلقہ رویت ہلال کمیٹیوں کی جانب سے کیا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں گزشتہ روز ہی محرم الحرام کا چاند نظر آ گیا تھا، جبکہ پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک آج بروز جمعرات کو محرم الحرام 1447 ہجری کا چاند نظر آیا۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق محرم الحرام کے چاند کی پیدائش 25جون بروز بدھ کو دوپہر کے وقت ہوگئی تھی، نئے ہجری سال کا چاند 25جون 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق بعد سہ پہر 3بج کر 32منٹ پر پیدا ہوا، یوں چاند کی عمر 27گھنٹے سے زائد ہونے کے باعث 26 جون کو پاکستان میں چاند نظر آ جانے کا قوی امکان تھا۔ واضح رہے کہ نئے ہجری سال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت کوئٹہ میں ہوا ۔ جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کا اجلاس ہوا۔ لاہور، پشاور، اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں چاند نظر نہیں آیا۔