زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے نمایاں کمی ہوگئی

رواں ہفتے کے دوران 3ارب ڈالر سے زائد کے قرض موصول ہوگئے ہیں، سٹیٹ بینک

جمعرات 26 جون 2025 21:10

زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے نمایاں کمی ہوگئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے گزشتہ ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں کمی ہوگئی ہے جبکہ رواں ہفتے کے دوران 3 ارب ڈالر سے زائد کے قرض موصول ہوگئے ہیں۔سٹیٹ بینک سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران دو ارب 65 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کی گئی۔

(جاری ہے)

مرکزی بینک نے بتایا کہ زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 20 جون کو 9 ارب 6 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے اور زرمبادلہ میں آنے والی یہ کمی کمرشل غیرملکی قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے واقع ہوئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ رواں ہفتے کے دوران 3 ارب 10 کروڑ ڈالر کے کمرشل قرضے اور 50 کروڑ ڈالر کے ملٹی لیٹرل قرضے موصول ہوئے ہیں تاہم یہ رقم 27 جون کو جاری ہونے والے اعدادوشمار میں شامل ہوں گے۔سٹیٹ بینک نے بتایا کہ زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 14 ارب 39 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے ہیں، جن میں سے کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 33 کروڑ 29 لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔