سیالکوٹ پولیس کی ڈاکوؤں سے مڈبھیڑ، خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک

جمعہ 27 جون 2025 14:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) سیالکوٹ پولیس کی ڈاکوؤں سے مڈبھیڑ میں خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ترجمان سیالکوٹ پولیس کے مطابق تھانہ نیکاپورہ کے علاقے رام گڑھا چوک ایمن آباد روڈ پر ناکہ بندی کے دوران دو موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور نالہ ایک کی جانب فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے فوری دفاعی پوزیشن سنبھالتے ہوئے حفاظت خود اختیار کے تحت جوابی فائرنگ کی اور ملزمان کا تعاقب کیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ رکنے پر نالہ ایک کے قریب سرچ کے دوران ایک ملزم مردہ حالت میں پایا گیا جو کہ اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو چکا تھا، دوسرا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گیا جس کی تلاش و گرفتاری کےلیے علاقہ کی ناکہ بندی کر کے ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت معصوم عرف موما کے نام سے ہوئی جواقدام قتل ،ڈکیتی و راہزنی اور پولیس مقابلے جیسے 17 سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھا،مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔