صوبائی دارالحکومت پشاور میں عالمی یوم انسداد منشیات پر کروڑوں روپے مالیت کی منشیات نذرآتش کر دی گئی،محکمہ ایکسائز

جمعہ 27 جون 2025 18:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) صوبائی دارالحکومت پشاور میں عالمی یوم انسداد منشیات پر کروڑوں روپے مالیت کی منشیات نذرآتش کر دی گئی۔ محکمہ ایکسائز، نارکوٹکس کنٹرول ونگ خیبر پختونخوا کے مطابق منشیات کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کے لئے وزیر محکمہ ایکسائز خلیق الرحمان ، سیکریٹری محکمہ ایکسائز خالد الیاس اور دیگر حکام پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ ایکسائز، نارکوٹکس کنٹرول ونگ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام عالمی یوم انسداد منشیات کے موقع پر مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر عدالتی احکامات کی روشنی میں مختلف کارروائیوں میں ضبط کی گئی بھاری مقدار میں منشیات کو باقاعدہ طور پر نذر آتش کر کے تلف کیا گیا۔پشاور میں تھانہ ایکسائز کے زیر اہتمام ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مجسٹریٹ حبیب الرحمان اور دیگر حکام و مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران عدالتی حکم پر 1162 کلوگرام چرس، 42 کلوگرام آئس، 119 کلوگرام ہیروئن، 112 کلوگرام افیون، اور 194 عدد نشہ آور گولیاں نذر آتش کر کے تلف کی گئیں۔