علم و ادب کے فروغ میں لائبریریوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، وزیر صحت نثار انصر ابدالی

جمعہ 27 جون 2025 19:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء) وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے کہا ہے کہ علم و ادب کے فروغ میں لائبریریوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی کی جانب سے کمیونٹی لائبریریز کا قیام خوش آئند ہے۔ کتابوں کے مطالعے سے فکر و شعور کو ترقی ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIMS) میں کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام کمیونٹی لائبریری کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

تقریب میں سیکرٹری ماحولیات عامر محمود مرزا، سیکرٹری کشمیر، کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز رفاقت خان مغل، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر AIMS سردار محمد ادریس مغل، ڈائریکٹر آزاد جموں و کشمیر کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان، ڈاکٹر سردار معروف،گزیٹیڈ افیسرز ایسوسی ایشن کے صدر سید یاسر گیلانی، ڈاکٹر زیاد افضل، ڈاکٹر ذاکر نقوی، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر وقار، محترمہ شفق ملک، سنئیر صحافی بشارت مغل،سول سوسائٹی اور پریس کے نمائندگان اور دیگر معززین شریک تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر راجہ محمد سجاد خان نے وزیر صحت کو کمیونٹی لائبریریز، علاقائی زبانوں کی ترویج اور ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے اکیڈمی کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیر صحت نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے تمام ہسپتالوں میں کمیونٹی لائبریریز قائم کی گئی ہیں، جو عوام کے لیے علم و آگہی کا ذریعہ بنیں گی۔ انہوں نے اکیڈمی کی جانب سے علاقائی زبانوں اور فنون کی کلاسز کے اجراء اور ثقافتی و ادبی تقریبات کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات مقامی ثقافت، زبانوں اور ادب کے تحفظ و ترویج میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

وزیر صحت نے کلچرل اکیڈمی کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ اکیڈمی ریاست جموں و کشمیر کی ثقافتی، لسانی اور ادبی ورثے کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی لائبریریز اور ثقافتی سرگرمیاں نئی نسل کو اپنی جڑوں سے جوڑنے اور علمی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔