محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر میں ’’گنے کی اقسام کی شناخت اور اضافے ‘‘ کے موضوع پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 27 جون 2025 20:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) گنے کی اقسام کی شناخت اور پیداوار میں اضافے کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی۔ محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر، ملتان میں شوگر کین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے باہمی اشتراک سے گنے کی جدید اقسام کی شناخت، پیداوار بڑھانے کی ٹیکنالوجی پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

شوگر کین ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے سی ای او ڈاکٹر شاہد افغان نے ادارے کے تحقیقی کام، مقاصد اور اب تک کی کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ورکشاپ میں گنے کے امراض اور کیڑوں کے مؤثر انتظام، مختلف اقسام کی ترقی اور پیداوار میں اضافے کے جدید طریقوں پر مختلف موضوعات پر ماہرین نے لیکچرز دیے۔ ممتاز شرکاء میں ڈاکٹر ساجد الرحمن (چیف سائنٹسٹ، ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد)، ڈاکٹر محمد کاشف، ڈاکٹر اصف تنویر، ڈاکٹر بابر حسین بابر، اور مسٹر مظفر علی شامل تھے۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں زرعی سائنسدانوں، کسانوں، شوگر ملز کے نمائندگان، طلباء، محققین اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے بھرپور شرکت کی۔ خصوصی طور پر فاطمہ شوگر ملز، شیخو شوگر ملز، اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تربیتی مواد کو سراہا۔ ورکشاپ کا مقصد خطے کے مطابق گنے کی موزوں اقسام کی ترویج، پیداوار میں اضافہ، اور کسانوں کو جدید طریقوں سے روشناس کروانا تھا۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں ۔