ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت محرم الحرام کی تیاریوں کے حوالے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 27 جون 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)مہراللہ بادینی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں تیاریوں کے حوالے سے محکمہ صحت، صفا کوئٹہ ، ایف سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)محمدانور کاکڑ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)وقار کاکڑ، ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈی ایس ایم کوئٹہ، صفا کوئٹہ اور ایف سی کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران سکیورٹی، صفائی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کی جانب سے جلوس کے راستوں پر ایمبولینسز اور میڈیکل کیمپس فراہم کیے جائیں گے، جہاں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور ضروری طبی سامان موجود ہوگا۔صفا کوئٹہ کی جانب سے جلوس سے قبل تمام روٹس اور نالوں کی مکمل صفائی کی جائے گی جبکہ جلوسوں کے اختتام کے بعد سڑکوں کی دوبارہ صفائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے تمام اداروں کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔