امریکی سپریم کورٹ کا ٹرمپ انتظامیہ کے حق میں فیصلہ

تارکین وطن پیدائش کی بنیاد پر امریکی شہریت کے حق سے محروم ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جون 2025 13:16

امریکی سپریم کورٹ کا ٹرمپ انتظامیہ کے حق میں فیصلہ
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جون 2025ء ) امریکہ کی سپریم کورٹ نے پیدائشی طور پر شہریت کا حق ختم کرنےکیلئے صدرٹرمپ کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے پیدائشی حق شہریت سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک صدارتی حکم نامے کے خلاف ضلعی عدالتوں کے جاری کردہ ملک گیر حکم امتناعی کو محدود کردیا، اس حوالے سے 6 ججز نے فیصلے کے حق اور 3 نے مخالفت میں فیصلہ سنایا، فیصلے میں عدالت نے کہا کہ ایک وفاقی ضلعی جج کے پاس پورے ملک میں صدارتی احکامات کو روکنے کا اختیار شاید کانگریس کی جانب سے دی گئی عدالتی حدود سے تجاوز کرتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ صدر ٹرمپ کے اس ایگزیکٹو آرڈر سے متعلق تھا جس کا مقصد امریکہ میں پیدائشی حق شہریت کو محدود کرنا تھا لیکن عدالت نے براہ راست اس حکم کی آئینی حیثیت پر کوئی رائے نہیں دی، اس فیصلے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کئی دیگر متنازع پالیسیوں کو قانونی رکاوٹوں سے آزاد کرنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ یہ بڑی فتح ہے اور ہمارے پاس ایسی پالیسیوں کی پوری فہرست ہے جو اب کسی بھی ملک گیر عدالتی رکاوٹ کے بغیر نافذ کی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کے تحت غیرقانونی یا عارضی ویزے پر امریکہ میں مقیم غیرملکیوں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں کو شہریت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، یہ حکم نامہ میری لینڈ، میساچوسٹس اور واشنگٹن کی عدالتوں کی جانب سے معطل کیا گیا تاہم سپریم کورٹ نے اس کے حق میں فیصلہ دے دیا، اس فیصلے کی اکثریتی رائے جسٹس ایمی کونی بیریٹ نے تحریر کی جو ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی مقرر کردہ جج ہیں۔

انہوں نے اکثریتی فیصلے میں لکھا ہے کہ ’ملک گیر حکم امتناع ہماری قوم کی زیادہ تر تاریخ میں موجود نہیں رہا، اگر عدالت یہ نتیجہ اخذ کرے کہ ایگزیکٹو برانچ نے غیرقانونی عمل کیا ہے تو اس کا حل یہ نہیں کہ عدالت بھی اپنی حدود سے تجاوز کرے‘، تاہم تین ججز نے اپنے اختلافی نوٹ میں خبردار کیا کہ ’اس فیصلے سے عدلیہ کی حکومت کو قانون کی خلاف ورزی سے روکنے کی طاقت کمزور ہو سکتی ہے، یہ فیصلہ حکومت کو آئین سے تجاوز کرنے کی کھلی اجازت دیتا ہے۔