جے یو آئی کی جانب سے سندھ کے قبائلی سرداروں کا امن تاریخی جرگہ، علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں 30 جون کو ہوگا

جے یو آئی ہمیشہ قبائلی احترام، اجتماعی بھائی چارے اور مسائل کے قبائلی حل میں صفِ اول میں رہی ہے،30جون کو منعقد ہونے والا یہ اجتماع سندھ میں امن کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا،سیکرٹری اطلاعات سندھ

اتوار 29 جون 2025 15:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2025ء)جے یو آئی کی جانب سے سندھ کے قبائلی سرداروں کا امن تاریخی جرگہ، علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں 30 جون کو ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کی جانب سے سندھ کے قبائلی سرداروں کا ایک تاریخی امن جرگہ 30 جون کو جے یو آ سندہ کے قائد علامہ راشد محمود سومرو کی قیادت میں سکھر شہر میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت جے یو آئی سندھ کے امیر حضرت مولانا عبدالقیوم ہالیجوی فرمائیں گے۔

جے یو آئی کے صوبائی پریس سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ سندھ کے تمام قبائل کے سرداروں کو خصوصی دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں تاکہ سندھ کے قبائلی، سماجی اور سیاسی ڈھانچے کو مضبوط بنایا جا سکے۔علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ ہم قبائل کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد کے قیام، سندھ میں امن، بھائی چارے اور اتفاق کے فروغ، اور قبائلی تنازعات کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں جے یو آئی سندہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ضلع سکہر کے امیر مولانا محمد صالح انڈھڑ،ضلعی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالحمید مہر اور دیگر نے انتظامات کا جائزہ لیا جو مکمل کرلئے گئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم سندھ میں پائیدار امن اور اتحاد چاہتے ہیں۔ جے یو آئی ہمیشہ قبائلی احترام، اجتماعی بھائی چارے، اور مسائل کے قبائلی حل میں صفِ اول میں رہی ہے۔ 30 جون کو منعقد ہونے والا یہ اجتماع سندھ میں امن کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہاکہ یہ اجتماع نہ صرف سیاسی اور قبائلی ہم آہنگی کے لیے ایک اہم قدم ہوگا، بلکہ سندھ کے مستقبل کو محفوظ، مستحکم اور پرامن بنانے کے لیے ایک نئے سفر کی شروعات بھی ہوگا۔

متعلقہ عنوان :