وزیراعظم کی ناراض پارٹی رہنماء چوہدری نثار سے ملاقات، مسلم لیگ ن میں واپسی کی دعوت دیدی

شہباز شریف نے چوہدری نثار کی عیادت کی اور اس موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 29 جون 2025 17:01

وزیراعظم کی ناراض پارٹی رہنماء چوہدری نثار سے ملاقات، مسلم لیگ ن میں ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے ناراض پارٹی رہنماء چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی اور انہیں مسلم لیگ ن میں واپسی کی دعوت دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری نثار سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے، اس موقع پر شہباز شریف نے چوہدری نثار کی عیادت کی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں چوہدری نثار کے صاحبزادے تیمور علی خان بھی موجود تھے، چوہدری نثار علی خان سے وزیر اعظم کی ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، ملاقات میں وزیر اعظم نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ ’چوہدری صاحب آپ تو ہمیں بھول ہی گئے‘، اس پر چوہدری نثار نے جواب دیا کہ ’نہیں میاں صاحب، بس طبیعت ٹھیک نہیں رہتی‘، اسی دوران شہباز شریف نے چوہدری نثار علی خان کو مسلم لیگ ن میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ ’اب آپ اپنے گھر واپس آجائیں‘، جس پر چوہدری نثار نے وزیراعظم سے کچھ وقت مانگ لیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ چوہدری نثار علی خان 34 سال سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2018 میں جماعت سے الگ ہوگئے تھے، وزیراعظم شہباز شریف اور چوہدری نثار علی خان کی 8 برس کے دوران یہ دوسری ملاقات تھی، دونوں رہنماؤں کی گزشتہ برس 7 سال بعد پہلی ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب شہباز شریف چوہدری نثار علی خان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے ان کے گھر گئے تھے۔