بی جے پی نے دلی میں اب تک غریبوں کی 10ہزار بستیاں منہدم کی ہیں، عام آدمی پارٹی

اتوار 29 جون 2025 21:50

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ بی جے پی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک دلی میں تقریباً 10ہزار غریب بستیوں کو منہدم کرتے ہوئے انہیں اجاڑ دیا ہے جس کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عام آدمی پارٹی دلی کے صدر سوربھ بھردواج نے ایک بیان میں کہا کہ نریندر مودی سمیت بی جے پی کے تمام بڑے رہنماؤں نے انتخابات کے دوران کچے گھروں میں رہنے والے غریب لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں پکے مکانات بنا کر دیے جائیں گے جس پر انہوں نے دھوکے میں آکر بی جے پی کو ووٹ دیے ، لیکن حکومت بننے کے چند ہی روز بعد بی جے پی نے ان غریبوں کی بستیاں گرانا شروع کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک تقریبا ًدس ہزار کچی بستیاں مسمار کی جا چکی ہیں اور ایک لاکھ سے زائد غریب کچی آباد ی والے بے گھر ہو چکے ہیں، ان کے پاس رہنے کی جگہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی غریب مخالف ہے ، یہ دہلی سے غریبوں کو نکالنا چاہتی ہے او ر اسی لیے ایک ایک کر کے کچی بستیوں کو گرا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہو کر اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں ۔