وزیراعلی پنجاب کے حکم پر صوبہ بھرمیں مون سون ہنگامی پلان پر عملدرآمد شروع،ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر قائم

اتوار 29 جون 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نوازکے حکم پر پنجاب بھرمیں مون سون ہنگامی پلان 2025پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور وزیراعلی مریم نوازکوپنجاب مون سون ہنگامی پلان 2025پر عملدرآمد کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ پیش کی جا رہی ہے۔ وزیراعلی کے حکم پر ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر قائم کردیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر7 /24گھنٹے فعال رہے گا،صوبہ بھرمیں برساتی نالوں کی بھرپور صفائی،بارش کے پانی کے بہا کے راستے کلیئرہونے چاہئیں ،وزیراعلی کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کی خصوصی ہیلپ لائن 1129 مکمل طورپر فعال کردی گئی ہے،صوبہ بھر میں کہیں سے بھی رابطہ ممکن ہو سکے گا،پی ڈی ایم اے نے حادثات اور نقصانات سے بچا وکیلئے ایس او پیز جاری کر دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس او پی کے تحت طغیانی کے پیش نظر نوجوانوں خاص طورپر بچوں کے نہروں میں نہانے پر پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور والدین سے بچوں کو برساتی نالوں میں نہانے اورقریب جانے سے روکنے کی اپیل کی ہے۔وزیراعلی کی ہدایت پر انتظامیہ اور دیگر اداروں کو متعلقہ علاقوں میں بوسیدہ عمارتوں کی نشاندہی کی ہدایت کی گئی ہے، بوسیدہ گھروں کے مکینوں سے احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقلی کی اپیل کی ہے۔

عوام کوبارشوں کے دوران برقی آلات، زمین پر گرے تار اور کھمبوں کو چھونے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے،عوام کو چھتوں کی صفائی بالخصوص بارش کے بعد بروقت نکاسی آب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، ایس او پیز میں مزید کہا گیا ہے کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کیا جائے اسی طرح اربن فلڈنگ سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنروں، اسسٹنٹ کمشنروں، ریسکیو 1122اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت تیار اور مستعد د رہنے کا حکم دیاہے۔انہوں نے برسات کے دوران عوام کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی اور کہاکہ عوام کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے،اپنا فرض ضرور نبھائیں گے ۔انہوں نے اپیل کی کہ مون سون کے دوران عوام حادثات سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ضرور کریں ،ہر فرد کی جان قیمتی ہے، تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے ۔