راولپنڈی فوڈ اتھارٹی نے دودھ کی دکانوں کے حوالے سے اپنی ماہانہ رپورٹ جاری کر دی

پیر 30 جون 2025 11:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) راولپنڈی فوڈ اتھارٹی نے دودھ کی دوکانوں کے حوالے سے اپنی ماہانہ رپورٹ جاری کر دی ہے جس میں ناقص اور ملاوٹی دودھ کی فروخت کے خلاف سخت اقدامات کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ ترجمان راولپنڈی فوڈ اتھارٹی کے مطابق رواں ماہ مجموعی طور پر 1,030 دودھ کی دوکانوں کو چیک کیا گیا۔ اس دوران شہر بھر سے 29 لاکھ 22 ہزار لیٹر دودھ کے نمونے حاصل کیے گئے جن میں سے 24 ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

فوڈ اتھارٹی نے ناقص اور غیر معیاری دودھ کی سپلائی پر 238 دوکانوں کو جرمانے عائد کیے جس سے مجموعی طور پر 52 لاکھ 91 ہزار روپے کی رقم وصول کی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ دودھ جیسی نعمت میں ملاوٹ ایک سنگین جرم ہے اور اس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ اگر وہ کسی بھی دوکان یا سپلائر کے حوالے سے شکایت رکھیں تو فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔