امیر سرمایہ کاروں کا گروپ ٹک ٹاک خریدنے کے لیے تیار ہے، ٹرمپ

یہ ایک امیر گروپ ہے اور میں ان کے نام دو ہفتوں میں ظاہر کروں گا،امریکی صدر

پیر 30 جون 2025 13:15

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ امیر سرمایہ کاروں کا گروپ معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک خریدنے کے لیے تیار ہے۔امریکی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے پاس ٹک ٹاک کے لیے خریدار موجود ہے، بہت امیر لوگ ہیں، یہ ایک گروپ ہے اور میں ان کے نام دو ہفتوں میں ظاہر کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ ٹک ٹاک کی مالک کمپنی چین میں موجود ہے، اس لیے اس سودے کے لیے چینی حکومت کی منظوری درکار ہو سکتی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ صدر شی جن پنگ اس کی اجازت دے دیں گے۔امریکا میں ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر یا تو فروخت کرنے یا پابندی لگانے کا قانون نافذ ہو چکا ہے، جسے ٹرمپ کے 20 جنوری کو عہدہ سنبھالنے سے ایک دن قبل نافذ ہونا تھا، تاہم ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں سوشل میڈیا کو بھرپور طریقے سے استعمال کیا اور ٹک ٹاک کو پسندیدہ پلیٹ فارم قرار دیا اور پابندی کو عارضی طور پر روک دیا۔