ٹنڈومحمدخان ،محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے حوالے سے رینجرز و پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ

پیر 30 جون 2025 14:00

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے ٹنڈومحمدخان پولیس و رینجرز نے مشترکہ فلیگ مارچ کیا، فلیگ مارچ میں ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، متعلقہ افسران، جوانوں سمیت ڈی ایس آر سندھ رینجرز افسران و رینجرز کے جوانوں نے شرکت کی، فلیگ مارچ میں ٹنڈومحمدخان سمیت مختلف پولیس اسٹیشنز کی 23 سے زائد پولیس موباٸلز، مددگار بیس کی ایگل موٹر باٸیکز، سندھ رینجرز کی موباٸلز نے حصہ لیا، فلیگ مارچ ایس ایس پی آفیس ٹنڈومحمدخان سے شروع ہو کر سٹی برج، مرتضی چوک، میر کا پڑ، مرکزی امام بارگاہ، مسجد علی، مسجد اقصی چوک، محلا نصیرآباد، ریلوے اسٹیشن ، عید گاہ، لاکاٹ، بٹھورو روڈ، ایوبیہ بس اسٹاپ، ٹنڈو سائینداد سے دوبارہ ایس ایس پی آفیس ٹنڈومحمدخان پر اختتام پذیر ہوا، اس موقع پر ایس ایس پی ٹنڈومحمدخان عابد علی گڈانی بلوچ نےکہا کہ فلیگ مارچ کے انعقاد کا مقصد عوام کو تحفظ کی یقین دہانی کروانے سمیت محرم الحرام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے، محرم الحرام کے دوران مجالس و جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، تمام مجالس اور جلوسوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی، فول پروف سکیورٹی انتظامات کے ساتھ ساتھ جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔