زرعی سکیم کے دو مراحل میں اب تک 23 ہزار کسان کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں ،ایڈیشنل کمشنر ریونیو راولپنڈی

پیر 30 جون 2025 14:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) کمشنر آفس راولپنڈی میں ایڈیشنل کمشنر ریونیو مسعود بخاری کی زیر صدارت زرعی ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں زرعی شعبے کے مختلف اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ زرعی سکیم کے دو مراحل میں اب تک 23,070 کسان کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 88 فیصد ہدف مکمل ہو چکا ہے۔

12 جون سے اب تک 1,943 کسان زرعی مراکز کا رخ کر چکے ہیں جو اسکیم کی مقبولیت اور کسانوں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ مزید برآں گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت اب تک 523 ٹریکٹرز تقسیم کیے جا چکے ہیں جس سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کو خاصی سہولت ملی ہے۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ زیادہ پیداوار دینے والی فصلوں کو ترجیح دی جائے اور ان پر سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کسانوں کو براہ راست فائدہ پہنچے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل کمشنر مسعود بخاری نے کہا کہ زرعی اصلاحات کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچنے چاہئیں تاکہ ہر کسان کو جدید زرعی سہولیات میسر آئیں۔ اجلاس کے دوران گندم پیداوار مقابلہ اور زرعی انٹرن شپ پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ انٹرنیز فیلڈ میں بھرپور اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں جو زرعی شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کی طرف اہم قدم ہے۔ اجلاس کے اختتام پر ایڈیشنل کمشنر ریونیو نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام منصوبوں کی نگرانی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ زرعی ترقی کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔