Live Updates

غزہ کی پٹی میں متوقع فائر بندی کے ایک معاہدے پر کام جاری ہے، مصر

پیر 30 جون 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) مصر نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں متوقع فائر بندی کے ایک معاہدے پر کام جاری ہے، جو ابتدائی طور پر 60 روزہ جنگ بندی پر مشتمل ہو گا، اور اس کے بعد اگلے مرحلے میں پیش رفت کی امید ہے۔ العربیہ کے مطابق مصری حکام نے کہا ہے کہ فائر بندی کے بعد چند ہفتوں کے اندر غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

انھوں نے واضح کیا کہ امریکا کو اس بات کی اہمیت کا ادراک ہے کہ غزہ سے متعلق کسی بھی آئندہ معاہدے میں جنگ بندی کے پائے دار ہونے کی ضمانتیں شامل ہونا ضروری ہیں۔مصر کے وزیر خارجہ عبد العاطی نے یہ بھی تصدیق کی کہ اسرائیل نے 19 جنوری کو طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور کسی جواز کے بغیر غزہ پر دوبارہ جارحیت کا آغاز کیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل معاہدے کے بعد دوبارہ غزہ پر حملے شروع کرتا ہے، تو یہ علاقائی سطح پر عدم استحکام اور خطرے کا ایک بڑا ذریعہ ہو گا۔

انہو ں نے کہاکہ امن معاہدے کی پاسداری کے خواہش مند ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مصر، اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے تناظر میں دیکھتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ تمام شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کی پاسداری کے حوالے سے دونوں فریقوں میں سنجیدگی موجود ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات