حکومت نادار افراد کی فلاح وبہبود اور بہتری کیلئے کام کررہی ہے، چوہدری نوید اشرف

پیر 30 جون 2025 18:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 50 چوہدری نوید اشرف نے سیالکوٹ میں خصوصی افراد کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ’’معاون آلات اور وہیل چیئر پروگرام ‘‘کے تحت 60 سے زائد اسپیشل پرسنز میں وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات تقسیم کئے۔ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز عدنان سرور، عاصمہ احمد، ابرار عبداللہ ساہی بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری نوید اشرف نے کہا کہ حکومت نادار افراد کی فلاح وبہبود اور بہتری کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل اور خصوصی افراد کی خدمت حکومت وقت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے فرائض منصبی بخوبی احسن انجام دے رہی ہیں، مریم نواز شریف تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید نے کہا کہ جسمانی معذوری کے شکار افراد کی مالی معاونت کیلئے ہمت کارڈ اور اب معاون آلات کی تقسیم اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خدمت کی سیاست کی روایت کو فروغ دے رہی ہیں۔