امام عالی مقام کی دین اسلام کیلئے قربانی بے مثال ہے، علامہ الیاس قادری

ہمیں شہادت حضرت امام حسین سے سبق حاصل کرنا چاہئے،دین کیلئے جانی و مالی قربانی کا جذبہ بیدار کریں، مدنی مذاکرے میں گفتگو

پیر 30 جون 2025 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا ہے کہ دین اسلام کیلئے امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی بے مثال ہے، امام عالی مقام رضی اللہ عنہ صحابیِ رسول ﷺ بھی ہیں اور نواسہ رسول بھی، جب دین کا معاملہ آیا تو پیچھے نہ ہٹے، بلکہ اپنے ناناجان ﷺ کے دین کی حفاظت کیلئے جان تک قربان کر دی، آپ نے نہ صرف خود بلکہ اپنے اہلِ خانہ کی بھی قربانی دی، ہمیں ان کی شہادت سے سبق حاصل کرنا چاہئے کہ دین پر کوئی آنچ نہ آنے دیں اور جب موقع ہو تو وقت، مال اور جان قربان کرنے سے نہ ہچکچائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں عالمی مدنی مرکزفیضان مدینہ کراچی میں ہونے والے مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

امیر اہل سنت نے کہا کہ تمام صحابہ عادل اور جنتی ہیں، ان کے دور میں خیر و برکت تھی، نیکیاں عام تھیں جبکہ آج گناہ عام ہو چکے ہیں اور نیکیاں کم ہوتی جارہی ہیں، نیک لوگوں کی قدر کرنی چاہئے،آج زمانہ بہت نازک اور معاشرے میں بگاڑ زیادہ ہے جو وقت کے ساتھ مزید بڑھے گا، یہاں تک کہ قیامت کا وقت آجائے گا، جو صرف غیر مسلموں پر قائم ہوگی، مسلمان اس وقت روئے زمین پر موجود نہ ہوں گے۔

امیر اہل سنت نے کہا کہ ہمیں چاہئے ہم دین کی خدمت کیلئے جانی و مالی قربانیاں دینے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں اور نیکی کے کاموں کیساتھ نمازکی پابندی کرنے، حصول علم دین اورراہ خدا میں سفر کرنے سے پیچھے نہ ہٹیں،اللہ پاک ہمیں دین کیلئے جان، وقت اور مال قربان کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :