پی پی پی رہنما رضوان رفیق کا ڈی سی سینٹرل کے ہمراہ امام بارگاہوں،جلوسوں کے روٹس کا دورہ

کوشش ہے عزاداران حسین کو عبادات اور مجالس میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو،رضوان رفیق

پیر 30 جون 2025 18:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)پیپلزپارٹی پی ایس 127 کے صدرو ممبرسندھ کونسل رضوان رفیق کا کراچی ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر، طحہ سلیم کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے لیاقت آباد ٹاون میں واقع امام بارگاہ کا دورہ۔محرم الحرام کی آمد کے پیشِ نظر عزادارانِ امام حسین اور زائرین کو سہولیات کی فراہمی کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلع و ٹان کی انتظامیہ موجود تھی۔

اس موقع میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی پی پی رہنمارضوان رفیق کاکہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح جلوسوں کے راستوں کو کشادہ اور صاف ستھرا رکھنے ،اور راستے میں موجود تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر، طحہ سلیم کاکردار قابل تحسین ہی. طلحہ سلیم عزادارانِ امام حسین اور زائرین کے لیے جلوسوں کے راستوں پر صفائی، پانی کی نکاسی، روشنی اور سیکیورٹی سمیت ہر شعبے میں بہترین انتظامات کرنے کے لیے دن رات کوششوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ضلع وسطی اس سلسلے میں یہاں کی ایڈمنسٹریشن کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ضلع وسطی میں موجود قیادت کی کوشش ہے کہ عزاداران حسین کو عبادات، مجالس اور جلوسوں میں شرکت کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہاکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل بلخصوص لیاقت آباد کی عوام انتظامیہ کے ساتھ ملکرمحرم الحرام کے دوران شہریوں کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔