نئے مالی سال کے آغاز سے قبل پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے

پھلوں کی قیمتیں 300 روپے سے تجاوز کر گئیں، کئی سبزیوں کی قیمت بھی 700 روپے تک پہنچ گئی

muhammad ali محمد علی پیر 30 جون 2025 19:05

نئے مالی سال کے آغاز سے قبل پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون2025ء) نئے مالی سال کے آغاز سے قبل پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے، پھلوں کی قیمتیں 300 روپے سے تجاوز کر گئیں، کئی سبزیوں کی قیمت بھی 700 روپے تک پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے آغاز سے قبل پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مہنگائی کے طوفان نے دوبارہ سے شدت اختیار کرنا شروع کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں پھلوں، سبزیوں، چکن اور انڈوں کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔ برائلر مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 7 روپے اضافہ ہوا، جس کے بعد نیا ریٹ 446 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا۔ زندہ برائلر 308 روپے فی کلو اور ہول سیل قیمت 294 روپے فی کلو طے کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محرم الحرام کے قریب آتے ہی لنگر اور نیاز کی تیاری کے سلسلے میں گھی اور آئل کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث شہر بھر کے یوٹیلٹی اسٹوروں پر گھی اور آئل کی بدترین قلت برقرار ہے۔

شہریوں کو اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں گھی اور آئل خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق گھی درجہ اول 560 روپے فی کلو جبکہ درجہ دوم 520 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ پھلوں میں سیب 230 روپے فی کلو،امرود 150 روپے فی کلو،کیلا 125 روپے فی درجن،گرما 155 روپے فی کلو،آڑو 170 روپے فی کلو،ناشپاتی 215 روپے فی کلو سرکاری قیمت مقررکی گئی ۔

تاہم شہر بھی کہیں بھی پھل سرکاری قیمت پر دستیاب نہیں ہیں، بیشتر پھل 300 سے 400 روپے کی قیمت میں فروخت ہو رہے ہیں۔ جبکہ سبزیوں میں آلو 82 روپے فی کلو،پیاز 145 روپے فی کلو،لہسن (چائنہ)530 روپے فی کلو،لہسن (دیسی) 385 روپے فی کلو،کھیرا (فارمی) 140 روپے فی کلو،بھنڈی (درجہ اول)90 روپے فی کلو،لیموں (دیسی)690 روپے فی کلو،کریلا (درجہ اول) 160 روپے فی کلو کی قیمت میں فروخت ہو رہے ہیں۔