باڑہ گلی سمر کیمپ میں طلبہ سوسائٹیز کے لیے تین روزہ تربیتی سرگرمیاں کامیابی سے اختتام پذیر

پیر 30 جون 2025 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے تعاون سی27 تا 29 جون 2025 کو باڑہ گلی سمر کیمپ میں طلبہ سوسائٹیز کے لیے تین روزہ اورینٹیشن پروگرام کامیابی سے منعقد ہوا۔ اس تربیتی سرگرمی کا مقصد نوجوانوں میں قائدانہ صلاحیتوں کا فروغ، باہمی تعاون، فکری ترقی اور ذمہ دار شہری بننے کی تحریک پیدا کرنا تھا۔

کیمپ میں مختلف جامعات کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی جس میں ممتاز ماہرین نے خصوصی لیکچرز دیے جن میں ''سیرتِ طیبہ ﷺ، سماجی و رویہ جاتی تبدیلی،ذہنی صحت و شہری ذمہ داریاں اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات شامل تھے۔مقررین میں ڈائریکٹر یوتھ افئیرز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نعمان مجاہد، ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر احمد سعید جان اور ممتاز محقق ڈاکٹر حیات بنگش شامل تھے جنہوں نے نوجوانوں سے براہِ راست گفتگو کرتے ہوئے انہیں معاشرے میں مثبت تبدیلی کا مؤثر ذریعہ بننے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

کیمپ کے اختتام پر یونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر جوہر علی اور یونیورسٹی آف بنوں کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد جہانزیب نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔طلبہ سوسائٹیز کی ٹیم نے اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد طلبہ کو نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ سماجی میدان میں بھی قائدانہ کردار کے لیے تیار کرنا تھا تاکہ وہ مستقبل میں ایک پرامن، باشعور اور ترقی یافتہ معاشرے کے معمار بن سکیں۔