بھارت، منی پور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک،اوڈیشہ میں بھارتی فورسز نے دو قبائلیوں کو ہلاک کردیا

پیر 30 جون 2025 22:10

امپھال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک معمر خاتون سمیت4 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ بھارتی فورسز نے اوڈیشہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو قبائلی افراد کو قتل کردیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منی پور کے ضلع چورا چند پور کے گائوں مونگجنگ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے کار میں سفر کرنے والے افراد پر فائرنگ کر کے 4 افراد کو ہلاک کردیا۔

شورش زدہ ریاست میں 2023سے فرقہ وارانہ تشدد کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

مسلح جھڑپوں کے دوران 260سے زائد افراد ہلاک اور 59ہزارسے زائد بے گھر ہوگئے ہیں۔ریاست میں بھاری فوجیو ں کی بڑی تعداد میں موجودگی کے باوجودپر تشددواقعات کا سلسلہ جاری ہے ۔ادرھراوڈیشہ میں بھارتی فورسز نے ضلع کندھمال کے بڈا گوڈا ریزرو فاریسٹ میں نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو قبائلیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیاہے۔بھارتی پولیس نے مقتول قبائلیوں کو مائو نواز جنگجو قرار دیکر قتل کیا ہے ۔ ایک سینئر پولیس اہلکار نے قبائلیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں فوجی کارروائی تاحال جاری ہے ۔