وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےاسلام آباد سیکٹر ایچ 16 میں زیر تعمیر ماڈل جیل کا دورہ

منگل 1 جولائی 2025 10:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےاسلام آباد سیکٹر ایچ 16 میں زیر تعمیر ماڈل جیل کا دورہ کیا۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر ماڈل جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو رواں برس مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی اور کہا کہ دن رات کام کرکے تعمیراتی سرگرمیاں ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ماڈل جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش ہوگی۔انہوں نےماڈل جیل میں 90 دن کے اندر دو مزید بیرکوں کی تعمیر کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں 34 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور مین کچن کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو ماڈل جیل میں سٹاف کی تعیناتی کے لیے پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا، کئی سال تعطل کا شکار رہا۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر، اے ڈی سی جی،سی ڈی اے حکام، کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس بھی اس موقع پر موجود تھے۔