کہوٹہ میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے’’کاروانِ امن’’کانفرنس کا انعقاد

منگل 1 جولائی 2025 16:37

کہوٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)محرم الحرام کے مقدس مہینے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ’’کاروانِ امن‘‘کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلعی پولیس انتظامیہ، کہوٹہ کی سیاسی و سماجی شخصیات، علمائے کرام، وکلا، اور صحافیوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علمائے کرام نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام ہمیں قربانی، صبر اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔ ڈی ایس پی کہوٹہ اور دیگر پولیس افسران نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے، تمام جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ سیاسی و سماجی رہنماں نے کانفرنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام کے لیے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ شرکا نے عزم ظاہر کیا کہ کہوٹہ میں مذہبی رواداری اور امن کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔