تلنگانہ،فارما پلانٹ میں دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 34ہوگئی

دھماکے کے وقت 108 ملازمین فیکٹری میں موجود تھے،جن میں سے 27ملازمین تاحال لاپتہ ہیں

منگل 1 جولائی 2025 16:41

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)بھارتی ریاست تلنگانہ کے فارما پلانٹ میں دھماکے سے ہلاکتوں کی تعدادبڑھ کر 34ہو گئی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گزشتہ روز تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میںایک کیمیکل فیکٹری میں زبردست دھماکہ ہوا تھا ۔ دھماکے میں اب تک ہلاکتوں کی تعدادبڑھ کر 34ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے کے وقت 108 ملازمین فیکٹری میں موجود تھے،جن میں سے 27ملازمین تاحال لاپتہ ہیں، ان کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز کیمیکل پلانٹ میں دھماکا ری ایکٹر پھٹنے سے ہوا تھا، دھماکے کے بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔ دھماکے سے فیکٹری ملازمین کے جسم کے حصے تقریبا 100میٹر تک دور جا گرے تھے۔واضح ر ہے کہ بھارت میں صنعتوں سے متعلق حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد بالکل نہ ہونے کے باعث فیکٹریوں میں حادثات معمول ہیں۔

عالمی ادارہ محنت کے مطابق 2003میں بھارت میں صنعتی حادثات سے 47ہزار سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس سے قبل سنگاریڈی میں ایک فارما پلانٹ میں دھماکے میں 6افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 2023 میں کیمیائی ری ایکٹر کے دھماکے میں 3مزدور جان کی بازی ہار گئے تھے۔