سندھ ہائیکورٹ ،غیر قانونی تجاوزات کیخلاف کنٹونمنٹ بورڈ کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب

منگل 1 جولائی 2025 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے لطیف کوآپریٹیو سوسائٹی میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف شہری کی کنٹونمنٹ بورڈ کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کی درخواست پر درخواست کی قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلیئے۔ منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں لطیف کوآپریٹیو سوسائٹی میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف شہری کی کنٹونمنٹ بورڈ کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کے لیے درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ میرے موکل کے گھر کے سامنے سوسائٹی چوکیدار و دیگر ملازمین کیلئے 3 کمرے بنا دیئے گئے۔ ان تجاوزات سے میرے گھر کا مرکزی داخلہ راستہ بند ہو رہا ہے۔ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ نے بھی تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ لیکن ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواستگزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کے فیصلے پر کیسے عملدرآمد کراسکتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹربیونل کا فیصلہ ہو یا کسی عدالت کا تو درخواست بنتی بھی ہے۔ یہ درخواست تو آئینی بینچ کی بنتی ہے۔ عدالت نے درخواستگزار کے وکیل کو ہدایت کی آپ پہلے عدالت کو قابل سماعت ہونے سے متعلق مطمئن کریں۔ عدالت نے درخواست کی قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلیئے۔