سیکرٹری ٹرانسپورٹ کی زیر صدارت عدالت عالیہ کے فیصلہ پر عمل درآمد کے حوالہ سے اجلاس

منگل 1 جولائی 2025 21:49

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ حیات کاکڑ کی زیر صدارت عدالت عالیہ کے فیصلہ پر عمل درآمد کے حوالہ سے اجلاس کمشنر آفس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اےکوئٹہ محمد علی درانی، ٹریفک پولیس کے نمائندے اور کوئٹہ کے مقامی ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد معزز عدالت عالیہ بلوچستان کے فیصلے (سی پی نمبر 1951/22) پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینا تھا جس میں پرانے ماڈل کی بسوں کو نئے ماڈل کی بسوں سے تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی تاہم اجلاس میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ مقامی ٹرانسپورٹرز نے ابھی تک پرانی بسوں کو تبدیل نہیں کیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ کہ پرانی بسیں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بن رہی ہیں،پرانی بسوں کو نئے ماڈل کی بسوں سے تبدیل نہ کرنے پر عدالتی احکامات پر کارروائی عمل میں لائی جائیگی لہٰذاء اس سلسلے میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس پرانے ماڈل کی مقامی بسوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے اس سنگین معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ اور ٹریفک پولیس کو ہدایت جاری کی کہ وہ پرانے ماڈل کی مقامی بسوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔