وزیرداخلہ کی اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ رواں سال مکمل کرنے کی ہدایت

منگل 1 جولائی 2025 22:32

وزیرداخلہ کی اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ رواں سال ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2025ء)وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ماڈل جیل کی تعمیر کا پہلا مرحلہ رواں سال مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 برس سے زیر التوا ماڈل جیل کی تعمیر کے منصوبے پر کام تیز ہوگیا ہے اور 2 بیرک مکمل، چیک پوسٹیں اور مرکزی واچ ٹاور تکمیل کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد سیکٹر ایچ 16 میں زیر تعمیر ماڈل جیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے زیر تعمیر ماڈل جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کو رواں برس مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دن رات کام کرکے تعمیراتی سرگرمیاں ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کی جائیں۔ پہلے مرحلے میں ماڈل جیل میں 1500 قیدیوں کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے ماڈل جیل میں 90 دن کے اندر 2 مزید بیرکوں کی تعمیر کی ہدایت بھی کی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جیل میں 34 بستروں پر مشتمل اسپتال اور مین کچن کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس کو ماڈل جیل میں اسٹاف کی تعیناتی کے لیے پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس موقع پر دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جیل کی تعمیر کا منصوبہ 2011 میں شروع ہوا تھا، جو کئی سال تعطل کا شکار رہا۔ وزیر داخلہ کے دورے کے موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر،اے ڈی سی جی،سی ڈی اے حکام،کنٹریکٹرز اور کنسلٹنٹس بھی موجود تھے۔