محکمہ معدنیات کی شاندار کارکردگی پر سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال کی جانب سے فیلڈ افسران کے اعزاز میں عشائیہ

منگل 1 جولائی 2025 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) محکمہ معدنیات پنجاب کی شاندار کارکردگی اور 30 ارب روپے کے ریکارڈ ریونیو کے حصول پر سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال کی جانب سے فیلڈ آفیسرز کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں وزیر معدنیات شیر علی گورچانی اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے خصوصی شرکت کی۔وزیر معدنیات شیر علی گورچانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ معدنیات کی جانب سے 30 ارب روپے کے ریونیو کا حصول اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر ٹیم اچھی ہو تو تبدیلی ممکن ہے، جو محکمہ کام کرتا ہےعزت اسی کا مقدر بنتی ہے، حکومت وسائل دینے کو تیار ہے، بس نیت اور ٹیم ورک کی ضرورت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے سال کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے محکمہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ ریونیو پر محکمہ مائنز اینڈ منرلز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،آپ کی شاندار کارکردگی نے ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے۔ سیکرٹری معدنیات پرویز اقبال نے کہا کہ محکمہ کو کارکردگی پر بھرپور شاباش دیتا ہوں، شفافیت اور مسلسل محنت ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے،میں افسران کو تلقین کرتا ہوں کہ شفافیت کا دامن کبھی نہ چھوڑیں،اگر کارکردگی کا یہی تسلسل جاری رہا تو مستقبل میں مزید ریکارڈ قائم ہوں گے۔