ملک فیصل ایوب کھوکھر کا نوید پہلوان کی دو کم سن بیٹیوں کی ناگہانی موت پر اظہار افسوس

منگل 1 جولائی 2025 23:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) صوبائی وزیر برائے کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے گوجرانوالہ کے علاقے ایمن آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے جس میں معروف انٹرنیشنل کبڈی کھلاڑی نوید پہلوان کی دو کم سن بیٹیاں مبینہ طور پر زہریلا پیزا کھانے کے باعث جان کی بازی ہار گئیں جبکہ ان کے والدین سمیت خاندان کے دیگر افراد اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ واقعہ نہایت دل دہلا دینے والا اور افسوسناک ہے،جس نے پورے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔دو معصوم بچیوں کا یوں اچانک اس دنیا سے چلے جانا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ بچیوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

(جاری ہے)

وزیر کھیل نے ضلعی انتظامیہ، فوڈ اتھارٹی اور متعلقہ پولیس حکام کو فوری طور پر واقعے کی شفاف اور جامع تحقیقات کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ اس اندوہناک سانحے کے محرکات سامنے لائے جا سکیں اور غفلت یا لاپروائی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکے۔

ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نوید پہلوان اور ان کے زیر علاج اہلِ خانہ کو بہترین علاج معالجے کی تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی صحت کی بحالی کے لیے کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔