سوات، تجاوزات کیخلاف آپریشن تیسرے روز سست روی کا شکار، بااثر افراد کیخلاف کارروائی بڑا چیلنج بن گئی

منگل 1 جولائی 2025 23:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)سانحہ دریائے سوات کے بعد چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف شروع کیا گیا آپریشن تیسرے روز سست روی کا شکار ہو گیا۔ مینگورہ بائی پاس پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، تاہم فضاگٹ میں مسلم لیگ (ن)کے رہنما انجینئر امیر مقام کے ہوٹل کی چار دیواری گرانے کے بعد آپریشن روک دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ این او سی پیش کیا، جس پر عمارت کے دیگر حصوں کو فی الحال مسمار نہیں کیا گیا۔ شہریوں نے آپریشن کی سست رفتاری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی میں امتیاز برتا جا رہا ہے، اور بااثر افراد کو رعایت دی جا رہی ہے۔چیف سیکرٹری کی جانب سے انتظامیہ کو 10دن میں تمام تجاوزات کے خاتمے کی ہدایات دی گئی ہیں، تاہم بااثر شخصیات کے خلاف کارروائی ضلعی انتظامیہ کیلئے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ آپریشن بلا تفریق اور مکمل طور پر کیا جائے تاکہ دریائے سوات کے کنارے محفوظ بنائے جا سکیں۔