صفائی نظام میں بہتری کیلئے سول سوسائٹی و تاجر برادری کو ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا ہے،ڈپٹی کمشنرملتان

منگل 1 جولائی 2025 19:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) ضلعی انتظامیہ اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ملتان نے صفائی نظام میں بہتری کیلئے سول سوسائٹی و تاجر برادری کو ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مرکزی بازاروں میں صفائی کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گزشتہ روز مختلف تاجر تنظیموں کے نمائندگان سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدلسمیع شیخ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالزراق ڈوگر اور ڈویژنل منیجر آپریشن انوار الحق بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے تاجر برادری کو صفائی کلچر اپنانے اور بازاروں کو صاف رکھنے کی تلقین کی اور کہا کہ شہر اولیا میں مثالی صفائی کیلئے سول سوسائٹی اور تاجر برادری شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ویسٹ منیجمنٹ کمپنی تمام بازاروں میں چھوٹے کنٹینر اور ڈسٹ بن رکھے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاجر نمائندگان اپنے بازار میں کوڑا کرکٹ کی تلفی کے اقدامات کی مانیٹرنگ کرینگے ۔سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی عبدالزراق ڈوگر نے کہا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سول سوسائٹی کے ذریعے شہر کو صاف رکھنے کیلئے کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں کمیونٹی ماڈل کے ذریعے تاجر کوڑا کرکٹ ڈسٹ بن میں ڈالنے کو یقینی بنائیں گے۔عبدالرزاق ڈوگر نے کہا کہ شہر کی بیوٹیفیکشن اور صفائی کیلئے بھرپور عوامی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ قبل ازیں تاجر برادری نے صفائی کے حوالے سے انتظامیہ اور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔