پی ایچ اے نے شہر کی اہم شاہراہوں کو خوبصورت اور دلکش بنانے کیلئے دلکش منصوبے کا آغاز کر دیا ہے،ترجمان

منگل 1 جولائی 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے شہر کی اہم شاہراہوں کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لیے ایک اور نئے دلکش منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر مختلف اہم شاہراہوں اور گرین بیلٹس پر بوگن ویلیا بیلوں کی شجرکاری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں جیل روڈ، گلبرگ، قرشی روڈ اور فیروز پور روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر 6 سے 8 فٹ لمبی بوگن ویلیا بیلیں لگا دی گئیں ہیں۔ جو نہ صرف گرین بیلٹس کی زینت بنیں گی بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کریں گی۔ شجرکاری کے دوران لائٹنگ پولز کے ساتھ بوگن ویلیا کی بیلیں نصب کی گئی ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی نمایاں ہو گی۔

(جاری ہے)

بوگن ویلیا بیل اپنی دلکش گلابی، جامنی، سفید اور نارنجی پھولوں کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے، یہ نہ صرف تیزی سے بڑھنے والی بیل ہے بلکہ کم دیکھ بھال کی متقاضی بھی ہے، جس کی بدولت یہ شہری فضا کو تازگی، رنگ اور خوشبو سے بھر دیتی ہے۔ پی ایچ اے نے اس منصوبے میں کم لاگت اور دیرپا پودوں کو ترجیح دی ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی پائیدار انداز میں برقرار رکھی جا سکے۔

اس حوالے سے ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے کہا کہ ہر سڑک اور گرین بیلٹ کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے۔ پی ایچ اے شہر کی خوبصورتی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، گرین لاہور ہمارا ویژن ہے اور شہری بھی اس شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ شہر لاہور کو سرسبز و شاداب بنانے میں ہر فرد کا کردار اہم ہے، یہ اقدام نہ صرف لاہور کو ایک جدید اور سرسبز شہر بنانے کی طرف ایک عملی قدم ہے بلکہ عوام میں شجرکاری کے رجحان کو فروغ دینے کا مثر ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :