صوبائی وزیر آبپاشی کاظم علی پیرزادہ کی زیر صدارت اجلاس،محرم الحرام کے انتظامات بارے اقدامات کا جائزہ لیا

منگل 1 جولائی 2025 22:20

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2025ء) صوبائی وزیر آبپاشی محمد کاظم علی پیرزادہ کی زیر صدارت کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈویژن بھر میں محرم الحرام کی مجالس عزاء اور جلوسوں کے انتظامات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ حکومت پنجاب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین ، کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں، ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید، ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور ڈی پی او محمد حسن اقبال سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او بہاول نگر و رحیم یار خان شریک تھے۔

صوبائی وزیر آبپاشی محمد کاظم علی پیرزادہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوس و مجالس کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

انتظامی افسران صفائی ستھرائی کے انتظامات اور دیگر سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر یوم عاشور کی سکیورٹی ڈیوٹی کو ادا کرنا ہے۔

چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ حکومت پنجاب بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے لئے جاری ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اوریوم عاشور پر قیام امن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں، تمام ایمر جنسی ادارے ہائی الرٹ رہیں نیزداخلی اور خارجی راستوں پرچیکنگ سخت کی جائے۔

کمشنر بہاولپور مسرت جبیں نے اجلاس میں بتایا کہ انتظامیہ کے زیر اہتمام بہاول پور ڈویژن میں 7 تا 10 محرم الحرام جلوس و مجالس کے مختلف مقامات پر پانی کی 204سبیلیں لگائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ محرم جلوس روٹس پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ میپکو، سوئی گیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف محرم ایام میں فعال انداز میں اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید نے اجلاس کو بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں 1409 مجالس اور 514 جلوسوں کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات مکمل ہیں اورجلوس روٹس اور مجالس کے مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ آر پی او نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام میں پولیس کے 17 ہزار سے زائد جوان فرائض ادا کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق نے بتایا کہ محر م الحر ام کے حوالے سے ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال نے بتایا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں ہر تحصیل کے صدر مقام پر کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں۔