حکومت کا 5لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ برقرار

ضروری اشیا کی مناسب نرخوں پر فراہمی اور عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے،اسحق ڈار

منگل 1 جولائی 2025 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار کی زیر صدارت چینی درآمد سے متعلق اجلاس میں 5لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔منگل کونائب وزیراعظم کی سربراہی میں اسٹئیرنگ کمیٹی کا فالو اپ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران 5لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ، چینی درآمد اور ٹی سی پی اور نجی شعبے کے ذریعے کی جائے گی۔

چینی درآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وزیر برائے قومی و غذائی تحفظ اور تینوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز سمیت وفاقی و صوبائی سیکرٹریز بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے کہا کہ ضروری اشیا کی مناسب نرخوں پر فراہمی اور عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ موجودہ حکومت نے جون سے لے کر اکتوبر 2024کے دوران مجموعی طور پر 7لاکھ 50ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی اور آخری بار اکتوبر میں5لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

وفاقی حکومت نے چینی کی برآمد کے وقت فیصلہ کیا تھا کہ چینی کی ریٹیل قیمت ایک 145روپے 15پیسے فی کلو سے زیادہ ہونے پر چینی کی ایکسپورٹ فوری روک دی جائے گی تاہم دسمبر 2024سے فروری 2025کے دوران چینی برآمد بھی ہوتی رہی اور قیمتیں بھی اسی دوران مسلسل بڑھتی رہیں۔