ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر طارق علی خان کی ہدایت پر محکمہ تعلیم (میل) نے سپٹ ویلی\ کے پانچ مقامات پر سمر کیمپس قائم

بدھ 2 جولائی 2025 11:58

کوہستان اپر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر طارق علی خان کی واضح ہدایات پر محکمہ تعلیم (میل) نے سپٹ ویلی کے پانچ مختلف مقامات پر سمر کیمپس قائم کر دیئے۔ ڈسٹرکٹ سکول کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی ایس سی) کی میٹنگ میں فوری اقدام اٹھاتے ہوئے محکمہ تعلیم نے گرمیوں کے دوران دیہاتوں کی طرف عارضی نقل مکانی کرنے والے طلبہ کو تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے دیہہ ویتاری/نیلی بری میں سمر کیمپ کیلئے دو سکولوں کو کلسٹر کیا گیا ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ یہ کیمپس باقاعدہ طور پر فعال ہو چکے ہیں اور بچوں نے جوش و خروش سے پڑھائی کا آغاز بھی کر دیا ہے، عوامی سطح پر اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے والدین نے اس پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کیا ہے۔

اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے، وادی سپٹ کے علاقہ بارو بیک شمت آباد میں بھی سمر کیمپ قائم کر دیا گیا ہے جہاں مقامی بچے نہایت دلچسپی سے تدریسی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر طارق علی خان کی تعلیم سے محبت پر مبنی وژن ”جہاں بچہ، وہاں تعلیم“ اب وادی کے پہاڑوں میں عملی صورت اختیار کر چکا ہے، یہ صرف سکول نہیں بلکہ امید کے چراغ ہیں، یہ صرف کلاس روم نہیں بلکہ مستقبل کی بنیادیں ہیں۔ محکمہ تعلیم کا کہنا ہے ہم یقین رکھتے ہیں کہ ترقی کی راہ تعلیم سے ہو کر ہی گذرتی ہے اور ضلعی انتظامیہ اسی مشن پر اخلاص، جذبہ اور تسلسل کے ساتھ گامزن ہے۔

متعلقہ عنوان :