لیسکو سب ڈویژن کاہنہ کرپشن کا گڑھ ، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں بجلی کے میٹروں کی تنصیب جاری

کاہنہ کی قدیم آبادیوں کے نیو کنکشن میٹرز التوا کا شکار، صارفین بجلی دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور،عوام سراپا احتجاج

بدھ 2 جولائی 2025 14:44

خالق نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء)لیسکو سب ڈویژن کاہنہ کرپشن کا گڑھ بن گئی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں دھڑا دھڑ بجلی کے میٹروں کی تنصیب کا سلسلہ جاری جبکہ کاہنہ کی قدیم آبادیوں کے نیو کنکشن میٹرز التوا کا شکار صارفین بجلی دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور،تفصیلات کے مطابق لیسکو سب ڈویژن کاہنہ رشوت خوری کا گڑھ بن گئی ایس ڈی او کی سربراہی میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں الجنت ہومز،عبداللہ ٹائون،ایلیٹ ٹائون،نور پارک و دیگر سوسائٹیز میں بھاری رشوت کے عوض بجلی کے میٹروں کی تنصیب دھڑلے سے جاری ،سینکڑوں کی تعداد میں میٹر لگا دیئے گئے ،محکمہ کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کے باوجود بھاری رشوت وصولی جاری، اسکے بر عکس کاہنہ کی نواحی قدیمی علاقوں کے صارفین کئی کئی ماہ سے دفتر کے چکر لگا کر خوار ہو گئے جائز کام کروانے والے سائلین کی فائلیں دفتر میں گرد آلود ہو گئیں اکثر فائلیں گمشدہ اور کئی کئی بار دوبارہ آن لائن کروائی جانے لگیں، ایس ڈی او سب ڈویژن کاہنہ سے انکا موقف جاننے کیلئے رابطہ کرنے پر انہوں نے کہا کہ میں ہر کام میرٹ اور محکمانہ قوانین کو سامنے رکھ کر کرتا ہوں اور ہر کنکشن کی جانچ پڑتال اپنی نگرانی میں کرواتا ہوں ،دفتر میں بجلی کے کنکشن کے حصول کیلئے موجود صارفین سے جب بات کی گئی تو ان میں محمد اسرائیل،واجد علی،لیاقت علی ساکن شہزادہ گاؤں نورین گل ساکن مدینہ ویو نے بتایا کہ ہم گزشتہ چار ماہ سے دفتر کے چکر لگا رہے ہیں ہماری فائلیں تین سے چار بار گم کرنے کے بعد آن لائین کروائی گئیں مگر پھر بھی ہمارے کنکشن نہیں لگائے جا رہے ہیں ایس ڈی او فائلوں پر دستخط نہیں کر رہے ہیں جس سے ہمیں سخت پریشانی کا سامنا ہے ہماری لیسکو اعلی حکام سے اپیل ہے کہ ہمارے کنکشن جلد لگائے جائیں اور کاہنہ سب ڈویژن میں ایس ڈی او کے کرپشن کے بازار کو فوری بند کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :