ایبٹ آباد،ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے،مرتضیٰ جاوید عباسی

بدھ 2 جولائی 2025 16:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2025ء) مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے،کمپنی کا اکاؤنٹ بھی فعال ہو گیا ہے جس کی بنیاد پر اب بل بھی ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے جاری کیے جائیں گے،بجلی کے تمام مسائل بشمول لوڈ شیڈنگ،لائنوں کی اپ گریڈیشن اور ہر گھر تک مکمل وولٹیج کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور عوام کے بجلی سے متعلق تمام مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا،مرتضیٰ جاوید عباسی نے مزید کہا کہ آج ان لوگوں کے لیے شرم کا مقام ہے جن کا کہنا تھا کہ یہ کام قیامت تک نہیں ہوگا،اپنی ذاتی انا کو عوام کی ضروریات پر ترجیح دینے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے،میں ہزارہ کی عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ ان کی جدوجہد رنگ لائی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت بالخصوص وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی اور وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کے تعاون کی بدولت یہ ممکن ہوا۔