فیز ٹو کالونی کیلئے زمین کے فنڈز رواں ماہ کے آخر تک روڈا کو ٹرانسفر ،ترقیاتی کام شروع ہونگے‘ارشدانصاری

لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اجلاس ، خواتین اور اقلیتی ممبران کیلئے ایک ایک نشست مخصوص کرنے کی تجویز آئینی کمیٹی نے موسمی شدت کے باعث کلب کے سالانہ انتخابات 31 دسمبر کی بجائے 31 جنوری تک کرانے کی تجویز دی

بدھ 2 جولائی 2025 18:11

لاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2025ء) لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اجلاس صدر لاہور پریس کلب کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر افضال طالب، نائب صدر صائمہ نواز، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی مدثر حسین، سید بدر سعید، رانا شہزاد احمد، شاہدہ بٹ، محبوب احمد چوہدری، شاکر محمود اعوان اور اسد محمودنے شرکت کی۔

اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اجلاس کے آغاز پر سیکرٹری زاہد عابد نے اجلاس کا ایجنڈا گورننگ باڈی کے سامنے پیش کیا جس میں آئین میں ترامیم کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی تجاویز پر بحث ترجیحی ایجنڈے میں شامل تھی۔ آئینی ترامیمی کمیٹی گذشتہ برس سے کام کر رہی تھی ، کمیٹی کے سربراہ سابق سیکرٹری شفیق اعوان ہیں جبکہ دیگر ممبران میں مبشر بخاری، ارسلان رفیق بھٹی، شاداب ریاض، راجہ ریاض، عابد تہامی، خواجہ نصیر، بابر ڈوگر، انوار ہاشمی اور شکیل سعیدشامل ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹی کی تشکیل میں اس امر کو یقینی بنایا گیا تھا کہ کلب کے متحرک سیاسی دھڑوں کی نمائندگی موجود ہو۔ اجلاس میں تمام مجوزہ آئینی ترامیم کو گورننگ باڈی ممبران کو تفصیلی پڑھ کرسنایا گیاجس کے ہر پیرے پر ہر ممبر نے اپنی رائے دی۔ صدر ارشد انصاری نے بتایا کہ ان ترامیم میں اہم نکات شامل کئے گئے ہیںجس سے کلب آئین میں رہ جانے والی کمی کو موجودہ حالات کے مطابق کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اجلاس میں آئینی کمیٹی کی اہم مجوزہ ترامیم جو گورننگ باڈی میں پیش کی گئیں ان میںگورننگ باڈی میں خواتین کیلئے ایک نائب صدر کی نشست مخصوص کرنا شامل ہے جس کے تحت اس نائب صدر کی اضافی نشست پر صرف خواتین امیدوارہوں گی جبکہ ووٹ تمام اہل ممبران ڈال سکیں گے۔لاہور پریس کلب کے اقلیتی ممبران کیلئے گورننگ باڈی میں ایک نشست مختص کرنے کی تجویز دی گئی اور گورننگ باڈی کی اس نشست پر صرف اقلیتی ممبران الیکشن لڑ سکیں گے۔

ان دو اضافی نشستوں کے بعد گورننگ باڈی کے مجموعی ممبران کی تعداد پندرہ سے بڑھ کر سترہ ہو جائے گی۔سیکرٹری کے عہدے کو جنرل سیکرٹری اور خزانچی یا ٹریژر کو فنانس سیکرٹری کا نام دیا جائے گا۔آئینی کمیٹی نے موسمی شدت کے باعث کلب کے سالانہ انتخابات 31 دسمبر کی بجائے 31 جنوری تک کرانے کی تجویز دی ہے۔صدر پریس کلب کی غیر موجودگی میں سینئر نائب صدر قائم مقام صدر ہوں گے۔

فنانس سیکرٹری کی غیر موجودگی میں گورننگ باڈی نائب صدور میں سے کسی ایک کو فنانس سیکرٹری کے اختیارات دے سکے گی۔جنرل سیکرٹری کی غیر موجودگی میں جوائنٹ سیکرٹری ذمہ داری انجام دیں گے۔اس کے علاوہ بھی چند ترامیم شامل ہیں جو گورننگ باڈی اجلاس میں دی گئیں جس کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔آئینی ترامیم کمیٹی نے سالانہ ممبرشپ فیس دو ہزار کرنے کی تجویز دی جس پر گورننگ باڈی میںمتفقہ فیصلہ نہیں ہو سکا جس کے بعد گورننگ باڈی نے متفقہ طور پر سالانہ فیس ایک ہزار سے بڑھا کر پندرہ سو روپے کرنے کی منظوری دیدی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ آئینی کمیٹی کی تمام تجاویز کلب میں آویزاں کردی جائیں گی جس پر ممبران اپنی تجاویز کلب آفس میں جمع کرا سکیں گے جس کے بعد جنرل کونسل کے خصوصی اجلاس میں ان ترامیم کی حتمی منظوری لی جائے گی۔اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے علاوہ کلب اور کالونی معاملات پر بھی بات کی گئی ۔ اجلاس میں صدر ارشد انصاری نے بتایا کہ فیز ٹو کالونی کیلئے زمین کے فنڈز رواں ماہ کے آخر تک روڈا کو ٹرانسفر ہو جائیں گے جس کے بعد ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

اجلاس میںصدر ارشد انصاری نے بتایا کہ ایف بلاک کیلئے جرنلسٹس ہائوسنگ فائونڈیشن کی طر ف سے ایک سرکلر کلب کو بھیجا گیا ہے جس میں اس امر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ ایف بلاک الاٹیز فوری طور پر اپنے واجبات فائونڈیشن کو جمع کرائیں۔ صدر ارشد انصاری سمیت تمام گورننگ باڈی ممبران نے اس ضرورت پر زور دیا کہ ایف بلاک الاٹیز اپنے واجبات جمع کرائیں تاکہ ایف بلاک معاملات میں تاخیر نہ ہو۔ اجلاس میں کلب کیفے معاملات پر بھی بات کی گئی اور اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ کلب کیفے میں اشیاء کے ریٹس پر مہنگائی کے تناسب سے نظر ثانی کی جائے۔