کراچی، خاندانی جھگڑے کے دوران داماد نے فائرنگ کرکے سسر سمیت 3 افراد کو قتل کرڈالا، 3 ملزمان گرفتار

اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد چوک میں واقعہ اس وقت پیش آیا مقتول غوث الدین عرف عمران رشتے داروں کے ہمراہ بیٹی کے گھر آیا تھا، تلخ کلامی کے بعد لڑائی کے دوران داماد اور رشتہ داروں نے فائرنگ کردی، مرکزی ملزم داماد کے والد سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 3 جولائی 2025 14:06

کراچی، خاندانی جھگڑے کے دوران داماد نے فائرنگ کرکے سسر سمیت 3 افراد ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03جولائی 2025)شہر قائد کراچی میں خاندانی جھگڑے کے دوران داماد نے فائرنگ کرکے سسر سمیت 3 افراد کو قتل کرڈالا، جاں بحق افراد کی شناخت غوث الدین ، گل بت خان اور امین کے نام سے ہوئی ہے،ویسٹ پولیس نے بروقت کارروائی کر کے 3 افراد کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد چوک میں خاندانی جھگڑے کے دوران داماد نے اپنے والد اور رشتہ داروں سے مل کر فائرنگ کرکے اپنے سسر سمیت 3 افراد کو قتل کردیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق مستوئی کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول غوث الدین عرف عمران اپنے رشتے داروں کے ہمراہ اپنی بیٹی کے گھر آیا تھا۔ تلخ کلامی کے بعد ہونے والی لڑائی کے دوران داماد اور رشتہ داروں نے فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق گھر میں خاندانی جھگڑے کے دوران عمران کے داماد حمید، بھائی رحمت، والد شاہجہان اور رشتے دار رحمت نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عمران، گل بخت خان اور امین شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مرکزی ملزم داماد کے والد سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے گرفتار ملزمان میں مقتول کی بیٹی کا سسر شاہجہاں اور رشتہ دار رحمت شامل ہیں جبکہ داماد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مقتول غوث الدین عرف عمران کا داماد حمید اور اس کا بھائی رحمت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سسر کو قتل کرنے والے داماد کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول اور دیگر اسلحہ پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے اور مزید شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک پستول بھی برآمد کیا گیا ہے۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کا آبائی تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔ایس ایس پی ویسٹ نے میڈیا کو بتایا کہ واقعے میں ملوث ملزم کے دیگر رشتہ داروں کی گرفتاری کیلئے بھی مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔